ایرانی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور منعقد ہوتا ہے تو پاکستان ان کی اولین ترجیح ہوگا۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایک غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم دوسری جانب کی تیاری کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں۔
پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی رائٹرز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران سے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں ہوسکتا ہے، ٹرمپ
ادھر ایک امریکی خبر ایجنسی نے دو پاکستانی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی کوششوں میں متحرک ہے اور ان ممکنہ مذاکرات کو اسی سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔




