اہم ملاقاتیں متوقع!وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب جائیں گے

اہم ملاقاتیں متوقع!وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب جائیں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم جدہ پہنچیں گے، جہاں سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی کشیدگی میں کمی، ممکنہ جنگ بندی اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو متوقع ہے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جو مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بات چیت میں شریک ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ اس فورم کے دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور علاقائی و عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

ترکیہ کے دورے کے بعد وزیراعظم کے قطر جانے کا بھی امکان ہے، جہاں وہ مزید سفارتی روابط کو فروغ دینے اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top