چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت صحت کے شعبے میں گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں میڈیکل آفیسرز، نرسز اور ڈینٹل سرجنز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تقریباً 2500 طبی عملے کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ بھرتی کیے جانے والے عملے میں 1425 ڈاکٹرز، 250 ڈینٹل سرجنز اور 764 نرسز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈویژنل سطح پر ایک سے زائد انٹرویو پینلز تشکیل دیے گئے ہیں تاکہ کم وقت میں بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ امیدواروں کی سہولت کے لیے ورچوئل انٹرویوز کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے، جس کے بعد باقاعدہ انٹرویوز کا انعقاد کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے ہدایت کی کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں طبی عملے کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر صحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





