مردان ،رستم ماربل کان حادثے میں معجزہ ہوگیا، 16 دن سے لاپتہ مزدور زندہ نکال لیا گیا

شہزاد راجہ

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے رستم میں قدرت کا ایک حیران کن معجزہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ماربل کی کان میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے 16 دن بعد ایک لاپتہ مزدور کو ملبے تلے سے زندہ برآمد کر لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 31 مارچ کو ماربل کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں پیش آیا تھا جس کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی آپریشن شروع کیا گیا تھا جو کئی روز سے جاری تھا۔

اس حادثے میں اب تک مجموعی طور پر 11 مزدوروں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جن میں سے 9 مزدور جاں بحق ہوئے جبکہ 2 کو شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا تھا۔ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والا عبدالوہاب اس حادثے کے بعد سے لاپتہ تھا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی تھیں۔

آج دورانِ آپریشن جب ریسکیو اہلکاروں نے ملبے کے نیچے سے عبدالوہاب کو بحفاظت باہر نکالا تو وہاں موجود لوگوں نے اسے قدرت کا کرشمہ قرار دیا۔ 16 دن تک موت کے سائے میں رہنے کے بعد دوبارہ زندگی کی طرف واپسی پر عبدالوہاب کے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوامی حلقوں کی جانب سے ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت کو بھی سراہا جا رہا ہے۔

Scroll to Top