سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لئے نادرا نے اہم پیغام جاری کردیا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے حج سیزن 2026 کے پیشِ نظر مدینہ منورہ میں اپنی خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق، جدہ میں موجود پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی ہدایات کی روشنی میں مدینہ منورہ نادرا آفس میں 12 اپریل 2026 سے خدمات کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ حج سیزن کے غیر معمولی رش اور انتظامی امور کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، اور حج سیزن مکمل ہوتے ہی یہ خدمات دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔

پاکستانیوں کی سہولت کے لیے نادرا نے متبادل انتظامات کا اعلان بھی کیا ہے۔ جدہ میں واقع نادرا رجسٹریشن سینٹر میں عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ وہاں آنے والے شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آسانی سے اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکیں۔

نادرا حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس عبوری مدت کے دوران شہری ‘پاک آئی ڈی’ (Pak ID) موبائل ایپ کے ذریعے بھی نادرا کی آن لائن خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کسی بھی قسم کی مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top