اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے آج رات سے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے پیش نظر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے آج رات 11 بجے سے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رینٹ اے کار سروسز اور ٹورازم ٹرانسپورٹ کو بھی معطل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ سیکیورٹی صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

ضلعی حکام کی جانب سے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئندہ احکامات تک راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے کسی بھی قسم کے ٹکٹ جاری نہ کیے جائیں۔ اس اقدام کا مقصد غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کرنا اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات سے نمٹنا ہے۔

مزید برآں حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ آج سے موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو دونوں شہروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جس کے باعث سفری نظام میں عارضی رکاوٹ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زبردست کام کیا، ٹرمپ

تاہم انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ روزمرہ ضروریات متاثر نہ ہوں۔

اسی تناظر میں اشیائے خورونوش کی ترسیل جاری رکھنے کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ کو استثنیٰ دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات ممکنہ بین الاقوامی مذاکرات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد مرحلہ وار نرمی دی جائے گی۔

Scroll to Top