اسلام آباد: بنی گالہ کیس، 26 ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بنی گالہ میں کارِ سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران 26 ملزمان کا پانچ، پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جہاں پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے 20، 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے ملزمان کو پانچ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے غیر قانونی اجتماع قائم کیا اور پیٹرول بم، ڈنڈوں اور پتھروں سے مسلح ہو کر کارروائی کی۔

پولیس کا مؤقف تھا کہ ملزمان نے سی ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ سرکاری گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے آج رات سے بند کرنے کا فیصلہ

پولیس حکام کے مطابق واقعہ سنگین نوعیت کا ہے اور اس میں ملوث عناصر سے مزید تفتیش ناگزیر ہے تاکہ اس کے پس پردہ محرکات اور دیگر حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

واضح رہے کہ ملزمان کو 14 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ تفتیش قانون کے مطابق مکمل کی جائے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔

Scroll to Top