ہم کبھی نہیں جھکیں گے، دشمنوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی: ایرانی آرمی چیف

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ دشمن ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں، تاہم یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی اور ایران اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے جاری بیرونی دباؤ، پابندیوں اور حملوں کے باوجود ایرانی عوام اور ریاست کا عزم آج بھی مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

میجر جنرل امیر حاتمی کے مطابق دشمنوں نے یہ غلط اندازہ لگایا تھا کہ اگر قیادت کو نقصان پہنچا تو ملک کمزور ہو جائے گا یا تقسیم ہو جائے گا، تاہم ایران نے ہر مشکل صورتحال میں اپنی خودمختاری اور استحکام برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ایرانی حکام سفارتی کوششوں میں مصروف تھے، ملک کو دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس کے باوجود ایران نے صورتحال کو مؤثر انداز میں سنبھالا۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کہیں اور نہیں صرف پاکستان میں ہوں گے، ایران کا بڑا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ بحری ناکہ بندی دراصل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری قزاقی کے مترادف ہے، لیکن ایران ان تمام اقدامات کے باوجود اپنے دفاعی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ایرانی فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہزاروں فوجی اور شہری ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور ایران کبھی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

Scroll to Top