اسلام آباد: پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کا اطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے ہوگا۔
قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کے انعقاد کے بعد ان کے یومیہ معاوضے میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئی شرح آئندہ پولیو مہم سے نافذ العمل ہوگی۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز کے معاوضے میں اضافہ ان کی محنت، لگن اور خدمات کا اعتراف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنشنرز کے لیے نئے قواعد، پنشن کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگی
ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی کوششوں میں اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ آئندہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں منعقد کی جائے گی۔
مہم کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔





