راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق واشک میں کی جانے والی دوسری کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کرک: شنکئی ڈیم کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ، کانسٹیبل شہید
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو دیسی ساختہ بموں کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار کے ساتھ جاری رہے گی۔





