گوہر ایوب کا پی ٹی آئی کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی سےکرپشن سیکنڈلز کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

شاہد جان

پاکستان تحریک انصاف یوتھ پشاور ریجن کے سینئر نائب صدر گوہر ایوب کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے میں کرپشن کے اسکینڈلز کے حوالے سے خبریں سامنے آرہی ہیں اور اقتدار میں بیٹھے پاکستان تحریک انصاف کے اپنے ہی لوگوں کی وجہ سے پارٹی پر عوام اور اپنے کارکنان کا اعتماد ختم ہو رہا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں گندم اسکینڈل میں ملوث لوگوں کے خلاف بھی کارروائی نہیں ہوئی اور اب بھی مختلف کرپشن اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں جن میں ترقیاتی فنڈز میں خرد برد اور بدعنوانی کی جا رہی ہے۔

ان کے مطابق ہر وزیر اور حکومت میں عہدے پر موجود لوگوں نے اپنے لیے خاص بندے رکھے ہوئے ہیں جن کے ذریعے عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہڑپ کیا جا رہا ہے۔ عہدوں کے غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے صوبے میں کرپشن اب زبان زدِ عام ہے جس پر ورکرز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور ورکرز کی جانب سے کمیٹی کو شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جن پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اسی لیے ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی عہدوں کے غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں پر فوری، شفاف اور بلاامتیاز کارروائی کرے۔

گوہر ایوب کا مزید کہنا ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے رویے کی وجہ سے کارکن اب عمران خان کی رہائی کے لیے بھی پارٹی کے جلسوں اور احتجاجوں میں نہیں نکل رہے کیونکہ قیادت اور حکومت میں اہم عہدوں پر بیٹھے لوگوں کی کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور عہدوں کے غلط استعمال کی وجہ سے عوام اور پارٹی ورکرز کا اعتماد اٹھ رہا ہے۔

عمران خان نے ان تمام افراد کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا تھا مگر انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے اس وقت قیادت اور حکومت میں بیٹھے لوگوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں ہے، اسی لیے کرپشن کے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف جہاد کا علم بلند کیا ہے اور ہم اس مشن کو آگے لے کر جائیں گے، کرپشن اگر کوئی اور کرے تو بھی آواز بلند کریں گے اور احتساب کا مطالبہ کریں گے اور اگر اپنی پارٹی کے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں تو ان کے خلاف بھی ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

Scroll to Top