خیبرپختونخوا میں ایک ہی تعلیمی منصوبے کا دوسری بار افتتاح کئے جانے کا انکشاف

خیبرپختونخوا میں ایک ہی تعلیمی منصوبے کا دوسری بار افتتاح کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت پارٹیسپیٹری آن لائن ہوم لرننگ الٹرنیٹو (پوھہ) منصوبہ پہلے ہی 2022 میں شروع کیا جا چکا تھا۔ اس منصوبے کا افتتاح اس وقت کے صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے کیا تھا جبکہ پوھہ ورچوئل سکول سٹوڈیو بھی اسی سال قائم کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کو باقاعدہ طور پر فاؤنڈیشن کے بورڈ سے منظوری حاصل تھی اور ہوپ 87 کی جانب سے اس کے لیے ساڑھے آٹھ کروڑ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔ منصوبے کے تحت 13 ہزار سے زائد طالبات کا اندراج بھی کیا گیا جبکہ آن لائن سٹوڈیو کے لیے تکنیکی عملہ بھی بھرتی کیا گیا تھا۔

تاہم اب گڈ گورننس پلان کے تحت اسی منصوبے کو جدید ٹیکنالوجی، خصوصا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اضافے کے ساتھ دوبارہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے افتتاح کروایا گیا ہے۔

ایک ہی منصوبے کے دوبارہ افتتاح پر حکومتی شفافیت اور وسائل کے استعمال سے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Scroll to Top