پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے علاج کے لیے ہر قسم کی مدد کی پیشکش کر دی ہے۔
38 سالہ شاپور زدران اس وقت سنگین طبی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی شاپور زدران کے بھائی سے بات چیت ہوئی ہے اور سابق کرکٹر کی بیماری کا سن کر انہیں شدید دکھ پہنچا ہے۔
شاہد آفریدی نے شاپور زدران کی ہمت بندھاتے ہوئے لکھا: “آپ میدان میں ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس مشکل گھڑی کا مقابلہ بھی اسی حوصلے سے کریں گے۔ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔”
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اس کڑے وقت میں وہ اور پورا پاکستان اپنے افغان بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر کسی بھی قسم کے تعاون یا امداد کی ضرورت ہوئی تو وہ ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔
واضح رہے کہ شاپور زدران افغانستان کرکٹ کی تاریخ کے اہم بولر رہے ہیں جنہوں نے 44 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 80 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 2025 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ شاپور کے اہل خانہ نے بھی مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔





