اسلام آباد: سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اڈیالہ جیل کے عملے پر عمران خان کے وکالت نامے دینے سے انکار کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ جیل حکام نے عمران خان کے وکالت ناموں پر دستخط کر کے واپس دینے سے انکار کر دیا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق، 16 فروری کو وکیل شعیب شاہین نے تین وکالت نامے اڈیالہ جیل میں دیے تھے، جبکہ آج کچھ نئے وکالت نامے بھی جیل بھیجے گئے تھے، مگر وکیل کو ایک گھنٹہ انتظار کروا کر واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول میں رکاوٹ پیدا کرنے والے کسی بھی عمل کو قابل قبول نہیں اور کیسز میں رکاوٹ ڈال کر جان بوجھ کر تاخیر کرنا ایک منظم سازش ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے اس معاملے پر عدلیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو سختی سے نمٹا جا سکے۔