گوادر کے علاقے گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز کیے گئے، مختلف مقامات پر جھڑپوں کے دوران ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردانہ حملوں کے دوران ایک شہری شہید جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا، کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آپریشنز مکمل ہونے کے بعد علاقے میں ریاستی عمل داری بحال کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بلوچ خاتون کو دہشت گردانہ کارروائی میں استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے۔
بیان کے مطابق دہشت گرد اپنے مقاصد کے حصول اور پروپیگنڈے کے لیے خواتین کا استحصال کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان کے عوام ان عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں جو ان کے نام پر تشدد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔





