نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں دوران بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات اورنیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹرکے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، چترال، دیر، پشاور اور مانسہرہ سمیت پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی جھکڑ چلنے اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب اور زیارت میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی مقامات پر برفباری کی توقع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔
پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، لہذا سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے آفیشل ایپ استعمال کریں تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔





