پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی واپس کر دی ہے جبکہ بقیہ رقم کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالرز واپس کر دیے ہیں جبکہ باقی 1 ارب ڈالر آئندہ ہفتے ادا کیے جائیں گے۔
سٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا کہ یہ رقم زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے کے لیے حاصل کی گئی تھی تاہم پاکستان نے اپنی سہولت کے مطابق اس کی واپسی کر دی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط معاشی تعاون جاری رہے گا اور دونوں ممالک کے مالیاتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کا 45 کروڑ ڈالرز پرانا 30 سالہ قرض بھی واپس کر دیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالرز کی اضافی مالی سہولت کے بعد پاکستان کے لیے مالی خلا پر ہو جائے گا، جس کے بعد سعودی ڈپازٹس کا مجموعی حجم بڑھ کر 8 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈپازٹس کے علاوہ پاکستان کو مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ملنے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ ایک ارب ڈالرز کی سعودی تیل سہولت بھی جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے رقم کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے ادائیگی کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالرز فنڈز موصول ہوئے ہیں جبکہ مزید 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔





