ہار ماننے والا نہیں، تنقید کے باوجود کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، محمد رضوان

قومی کرکٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ تنقید اور دباؤ کے باوجود ہار ماننے یا استعفیٰ دے کر کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

پریس کانفرنس کے دوران محمد رضوان نے اپنی خراب کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسان ہیں اور غلطیاں ہو سکتی ہیں تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ٹیم سے الگ ہو جائیں یا کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ فارم بہتر نہ ہونے کے باوجود مسلسل محنت جاری رکھیں گے اور ماضی میں بھی مشکل وقت میں اپنی کارکردگی سے متعلق ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرتے رہے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ کرکٹ ان کے لیے جنون اور زندگی کا اہم ترین حصہ ہے اور وہ اسی کھیل کے ذریعے اپنی پہچان رکھتے ہیں کیونکہ ان کا کوئی دوسرا پیشہ یا شعبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا سوالات یا دباؤ سے گھبراتے نہیں تاہم کچھ معاملات ان کی شخصیت اور مزاج کے مطابق نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 : راولپنڈیز مسلسل ساتویں بار ناکام، قلندرز نے کامیابی حاصل کرلی

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ریٹائرمنٹ کا کہا جائے تو وہ اس پر غور کر سکتے ہیں لیکن ان کی خواہش کھیل جاری رکھنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہے۔

رضوان نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی فارم تسلی بخش نہیں تاہم وہ اسے محنت میں کمی سمجھتے ہیں اور مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Scroll to Top