پاکستان تحریک انصاف جلسے کے باعث مردان شہر میں صورتحال خاصی متاثر ہو گئی ہے، جہاں مختلف مرکزی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور شہر کے متعدد حصوں میں خار دار تاریں نصب کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مردان میں ایک بڑا سیاسی جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پارٹی قائدین، سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی شرکت متوقع ہے۔
جلسے کے انعقاد کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور متعدد اہم سڑکیں بند ہونے سے آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ اسی طرح کاروباری مراکز بھی بند کر دیے گئے ہیں، جس سے تاجروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر خار دار تاریں نصب ہونے کے باعث نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں مکمل پابندی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جلسے کے باعث ان کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور کاروباری سرگرمیاں رک جانے سے معاشی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم شہریوں کی مشکلات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔





