خیبرپختونخوا میں تعلیمی انقلاب کی گونج، ہر بچے تک تعلیم پہنچانے کے عزم کیساتھ وزیر اعلیٰ کے بڑے فیصلے سامنے آ گئے

خیبرپختونخوا میں تعلیمی انقلاب کی گونج، ہر بچے تک تعلیم پہنچانے کے عزم کیساتھ وزیر اعلیٰ کے بڑے فیصلے سامنے آ گئے

خیبرپختونخوا میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبے میں جاری تعلیمی اصلاحات، ان کی پیش رفت اور موجودہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صوبے کا کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ صوبے میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کیے جائیں۔ اس کے علاوہ شرح خواندگی میں تیزی سے اضافے کے لیے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی سکولوں کے قیام، ڈبل شفٹ سکول پروگرام میں توسیع اور آئی ٹی و اے آئی کورسز کے اجرا پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور کے لیے تفصیلی اجلاس طلب کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف تجاویز پر عملدرآمد کے لیے ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم اور صحت براہ راست عوام کی زندگیوں سے جڑے شعبے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کا حتمی ہدف شعبہ تعلیم میں ہمہ گیر تبدیلی لانا ہے، اور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے ای ٹرانسفر پالیسی، یکساں نصاب تعلیم، سیمسٹر سسٹم، مانیٹرنگ نظام، ٹیچرز ٹریننگ، سکول بیسڈ اسسمنٹ، ورچوئل سکولنگ اور اے آئی کورسز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شرح خواندگی میں اضافے اور جدید تعلیمی رجحانات کے فروغ کے لیے مجوزہ فریم ورک پر مزید غور کی ہدایت بھی دی۔

Scroll to Top