مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضرحیات نے پشاور میں مقیم افغانستان کے کونسل جنرل حافظ محب اللہ سے ملاقات کی،ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین طورخم بارڈر پر جاری کشیدگی پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں افغان سفارتکار نے کہا کہ دونوں ممالک امن کے خواہاں ہیں اور اگر امن قائم ہو جائے تو نہ صرف کشیدگی کا خاتمہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک میں غربت میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن کے قیام سے دونوں ممالک ترقی پذیر ممالک کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں اور باہمی تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔
ارباب خضرحیات نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات اور امن کے قیام سے نہ صرف عوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ تجارت میں بھی اضافہ ہوگا، جو دونوں ممالک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈا پور چند دنوں میں وزارت اعلی سے فارغ ہونے والے ہیں،ارباب خضر حیات کا بڑا دعوی
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر پر امن کی بحالی دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے تاکہ دونوں کے درمیان تجارت اور روابط کو بڑھایا جا سکے، جو خطے میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔
افغان کونسل جنرل نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے مابین دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی سطح پر بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔