خیبرپختونخوا حکومت نے ’’اپنا پشاور، خوبصورت پشاور‘‘ منصوبے کے تحت اندرون شہر کے 32 اہم بازاروں کو ماڈل اور جدید طرز پر خوبصورت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ شہر کی تجارتی و سماجی سرگرمیوں میں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی آصف خان اور صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل کوششوں کے بعد یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔ ٹینڈر جاری ہونے پر ایم این اے آصف خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔
منصوبے کے تحت جن بازاروں کو ماڈل اور خوبصورت بنایا جائے گا ان میں شاہین بازار، مینا بازار، کوچی بازار، کریم پورہ بازار، چوک شادی پیر، ہشتنگری بازار، را مد اس بازار، شاہ قبول روڈ، کوہائی گیٹ، جہانگیر پورہ بازار، رشید گڑھی بازار، بیری باغ، پیپل منڈی، منڈا بیری، اندر شہر بازار، اشرف روڈ، چرچ روڈ، گھنٹہ گھر، ریتی بازار اور چوک یادگار سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نہ صرف بازاروں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں اور تاجروں کے لیے بہتر سہولیات اور پرکشش تجارتی ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔





