ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے پیشِ نظر اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر قسم کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے، اسکولوں اور دفاتر کی بندش میں مزید ایک روز کی توسیع کر دی گئی ہے جس میں حالات کے تناظر میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ریڈ زون میں واقع تمام نجی و سرکاری اسکول اور دفاتر بند ہیں، جبکہ ملازمین کو گھروں سے کام کرنے (ورک فرام ہوم) کی ہدایت کی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن نے اس سہولت میں توسیع کرتے ہوئے ملازمین کو 22 اپریل کو بھی گھروں سے کام کرنے کا حکم دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ملازمین کو اسلام آباد میں ہی رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں مختصر نوٹس پر دفتر بلایا جا سکے۔





