آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کو ایک شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہاں گزارے گئے وقت سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں اور ٹیم کے ماحول سے خاصے متاثر ہیں۔
منگل کو کھیلے گئے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے راولپنڈی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف قیمتی دو پوائنٹس حاصل کیے بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسٹیو اسمتھ کی نصف سنچری کی بدولت 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ اس کامیابی میں اسمتھ کی بیٹنگ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ ٹیم کے ساتھ گزارنا ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے اور کھلاڑیوں نے اجتماعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوپننگ کرنا ان کے کھیل کے انداز کے عین مطابق ہے کیونکہ پاور پلے میں زیادہ مواقع ملتے ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بہتر اظہار کر سکتے ہیں۔
اسمتھ نے پی ایس ایل کو ایک مضبوط اور مسابقتی لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم میں معیاری کھلاڑی موجود ہیں جس کی وجہ سے مقابلہ سخت ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف نے جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا
انہوں نے ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ان سے سیکھ رہے ہیں اور ٹیم میں سیکھنے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نوجوان کھلاڑی کو رہنمائی درکار ہو تو وہ ہمیشہ مدد کے لیے تیار ہیں۔ اسمتھ کے مطابق ٹیم کا ہدف ایونٹ کے آخری میچز میں مزید بہتر کارکردگی دکھا کر ٹاپ ٹو میں اپنی جگہ مستحکم کرنا ہے۔
آسٹریلوی بیٹر نے پاکستان میں مہمان نوازی اور ٹیم کے دوستانہ ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کا تجربہ یادگار ہے، تاہم انہوں نے شائقین کی کم تعداد پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ میچز میں زیادہ تماشائی اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔





