اسلام آباد ریڈ زون کل بھی بند رہے گا، اسکولوں اور دفاتر میں تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور دیگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر کل 23 اپریل کو ریڈ زون میں تمام اسکول اور دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون کے اندر داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ وہاں واقع اسکولوں اور دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھر سے کام کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ریڈ زون کی بندش کے باعث وفاقی آئینی عدالت کو بھی کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل رجسٹرار کے نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت کی کل کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے تاہم وفاقی آئینی عدالت کی تمام برانچ رجسٹریاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی تاکہ ضروری انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔

سیکیورٹی کے یہ کڑے انتظامات مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے جاری پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔

امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں غیر معینہ مدت کی توسیع کے بعد پاکستان ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیے مسلسل متحرک ہے۔

اس سلسلے میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کے لیے اسلام آباد میں کئی روز سے تیاریاں جاری ہیں جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں حفاظتی اقدامات کو انتہائی سخت رکھا گیا ہے۔

Scroll to Top