پاکستان سپر لیگ (PSL) کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے جہاں حیدرآباد کنگز مین کے مایہ ناز بیٹر عثمان خان لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بدھ کو پی ایس ایل 11 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں عثمان خان نے ملتان سلطانز کے خلاف 214 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں محض 47 گیندوں پر 101 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ یہ عثمان خان کے پی ایس ایل کیریئر کی چوتھی سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
عثمان خان نے اب تک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے ہیں، جن میں ان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی سنچری 2023 کے سیزن میں بنائی تھی، جس کے بعد 2024 میں انہوں نے مزید 2 سنچریاں داغیں۔ اب پی ایس ایل 11 میں چوتھی سنچری اسکور کر کے انہوں نے اپنا نام ریکارڈ بکس میں سنہری حروف سے لکھوا دیا ہے۔





