کراچی کی اہم شاہراہوں اور کلیدی مقامات پر معرکہِ حق کی پہلی سالانہ یادگار کے سلسلے میں ایک وسیع البنیاد ڈیجیٹل برانڈنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
شہرِ قائد کے طول و عرض میں آٹھ سو سے زائد جدید ایس ایم ڈی اسکرینز پر اس مہم کی تشہیر کی جا رہی ہے جس کا مقصد قومی دفاع کے جذبے اور معرکہِ حق کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس مہم کے لیے کراچی کے انتہائی مصروف ترین علاقوں بشمول شاہراہِ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، صدر، کینٹ ریلوے اسٹیشن اور ڈی ایچ اے کی اہم شاہراہوں کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں دن رات ان اسکرینز پر حب الوطنی پر مبنی پیغامات اور نعرے نمایاں کیے جا رہے ہیں۔
ان ڈیجیٹل بورڈز پر ہم ہیں دفاعِ وطن اور ہمارا عزم ہمارا نشان جیسے طاقتور نعروں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور میزائل ٹیکنالوجی کے مناظر بھی دکھائے جا رہے ہیں جو شہریوں میں جوش و جذبہ پیدا کر رہے ہیں۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے چلنے والی اس مہم کو شہر کی تاریخ کی بڑی ڈیجیٹل مہمات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے جس میں شاہدِ ملت انڈر پاس، گزری روڈ، تین تلوار اور کارساز جیسے مقامات پر لگی بڑی اسکرینز مرکزِ نگاہ بنی ہوئی ہیں۔
اس منفرد اندازِ تشہیر کے ذریعے جہاں معرکہِ حق کی یاد تازہ کی جا رہی ہے وہیں دفاعِ وطن کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔





