افغان سفیر کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ، رجسٹرڈ مہاجرین کی جلد واپسی پر زور

افغان سفیر کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ، رجسٹرڈ مہاجرین کی جلد واپسی پر زور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون سمیت رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران افغان سفیر نے وزیراعلیٰ کے حالیہ دورے کے تناظر میں ریپٹری ایشن مراکز میں بہتری کے اقدامات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مہاجرین کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نادرا وینز کی تعداد میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری کی درخواست بھی کی۔

افغان سفیر نے خاص طور پر درخواست کی کہ جن مہاجرین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، انہیں جلد از جلد واپسی کی اجازت دی جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی اور مہمان ہیں، اور حکومت ان کی باعزت واپسی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افغانستان میں بہتر حالات کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مہاجرین کے لیے سہولیات میں بہتری کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top