سیاحوں کے لیے خوشخبری،عالمی شہرت یافتہ شندور پولو فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان

ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے سیکرٹری سیاحت سعادت حسن کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شندور پولو فیسٹیول کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

رواں سال یہ عالمی شہرت یافتہ میلہ 11 جون سے 13 جون تک دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور پر منعقد کیا جائے گا جہاں چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

سطح سمندر سے 12 ہزار 200 فٹ کی بلندی پر منعقد ہونے والے اس میلے میں روایتی فری سٹائل پولو میچز کھیلے جائیں گے جو اپنی نوعیت کے منفرد اور دلچسپ مقابلے ہوتے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے اس موقع پر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ سیاحت کے مطابق فیسٹیول میں پولو کے ساتھ ساتھ پیراگلائیڈنگ، روایتی ٹیبلو، چترال اور گلگت کے مقامی بینڈز کی پرفارمنس اور کلچرل نائٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

سیکرٹری سیاحت سعادت حسن نے بتایا کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے مل کر اس میلے کو یادگار بنائیں گے۔

Scroll to Top