پشاور میں ایک اہم اور تاریخ ساز پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں خیبر پختونخوا کے محکمہ جیل خانہ جات میں پہلی مرتبہ ایک خواجہ سرا کو سرکاری ملازمت دی گئی ہے۔ خواجہ سرا صوبیہ عرف بیبو کو جیل پولیس کا حصہ بناتے ہوئے بطور وارڈن تعینات کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبیہ خان کو اسکیل 7 میں بھرتی کیا گیا ہے، جو کہ کوٹے کے تحت کی جانے والی ایک خصوصی تعیناتی ہے۔ وہ آئندہ پشاور جیل یا متعلقہ ہیڈکوارٹر میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔
محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق یہ قدم شمولیت اور مساوی مواقع کی پالیسی کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات کو سرکاری شعبے میں نمائندگی دینا ہے۔
صوبیہ عرف بیبو کی بطور جیل وارڈن تعیناتی کو ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جسے مختلف حلقوں کی جانب سے سراہا بھی جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف خواجہ سرا کمیونٹی کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سرکاری اداروں میں تنوع اور شمولیت کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔
یہ پیش رفت خیبر پختونخوا میں سماجی سطح پر ایک اہم تبدیلی کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔





