شفیع جان کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل

شاہد جان
پشاور: معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت کے فیصلے کو عوام دشمن اور ناقص معاشی پالیسی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 26، 26 روپے فی لیٹر اضافہ کرکے عوام پر “پیٹرول بم” گرایا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام غریب طبقے کی جیب پر براہ راست ڈاکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر عوامی مینڈیٹ کے قائم حکومت نے پہلے سے مہنگائی کے شکار عوام پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا ہے، جس کے نتیجے میں عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

شفیع جان نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے بحرانوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

ان کے مطابق بے روزگاری، غربت، مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

انہوں نے سی این جی اسٹیشنز کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے محنت کش، ڈرائیور اور کم آمدنی والا طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ براہ راست عوام بھگت رہے ہیں اور یہ صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے۔

Scroll to Top