پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد اضافہ

اسلام آباد: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کے مطابق مسلسل بڑھتی ہوئی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ٹرانسپورٹرز کے لیے پرانے کرایوں پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، جس کے باعث 10 فیصد کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ اس کے اثرات ملک بھر میں مہنگائی کی صورت میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شفیع جان کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات کے پیش نظر موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے جانے والے چالان ختم کیے جائیں تاکہ شعبے پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔

ٹرانسپورٹ الائنس کے اس اعلان کے بعد ملک بھر میں اشیاء کی ترسیل کے اخراجات میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top