وزیرِ پٹرولیم نے ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایندھن مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل بات چیت جاری ہے اور اگر کوئی رعایت مل گئی تو لیوی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئی ایم ایف سے ریلیف نہ ملا تو آئندہ جمعہ پیٹرول یا ڈیزل پر 50 سے 55 روپے تک لیوی عائد کرنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے، حکومت کو عالمی معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوتی ہے، بصورت دیگر معیشت کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حالیہ بحران کے دوران پاکستان کو مالی اور اسٹریٹجک ذخائر کی کمی کا سامنا تھا تاہم اس کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی متاثر نہیں ہونے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں نے مل کر تقریباً 100 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ اس وقت ڈیزل پر لیوی صفر ہے جس کا بوجھ پیٹرول پر منتقل کرنا پڑا، جبکہ عالمی سطح پر موازنہ کیا جائے تو پاکستان میں ڈیزل کی قیمتیں نسبتاً کم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔

Scroll to Top