ایف ڈبلیو او اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، پارہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ فعال

پارہ چنار: خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں واقع پارہ چنار ایئرپورٹ جو طویل عرصے سے غیر فعال تھا، اب فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے دوبارہ فعال اور آپریشنل کر دیا گیا ہے۔

ایف ڈبلیو او کی جانب سے ایئرپورٹ کی اپگریڈیشن مکمل ہونے کے بعد 26 اپریل کو پاک آرمی ایوی ایشن نے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کامیابی سے انجام دیے۔

تفصیلات کے مطابق پارہ چنار میں واقع یہ ایئرپورٹ جو کافی عرصے سے غیر فعال پڑا تھا، اب اپگریڈیشن کے بعد دوبارہ فعالیت کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ایئرپورٹ کی تعمیر و مرمت کو علاقے میں فضائی ٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

26 اپریل 2026 کو کیے گئے ٹرائلز کے دوران تعمیراتی معیار، رن وے کی فعالیت اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، پلے آف میں جگہ پکی

ان ٹرائلز کے نتائج کے مطابق ایئرپورٹ کے رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ حفاظتی اصولوں کے مطابق قرار دیا گیا۔ ٹرائلز کے دوران مختلف آپریشنل صورتحال میں ایئرپورٹ اور رن ویز کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا۔

کامیاب ٹرائلز کے بعد پارہ چنار ایئرپورٹ کی آپریشنل فعالیت مزید مضبوط ہو جائے گی، جس سے علاقائی رابطوں میں بہتری، ہنگامی حالات میں رسپانس کی صلاحیت میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی توقع ہے۔

Scroll to Top