بارش ہوگی یا گرمی؟ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

بارش ہوگی یا گرمی؟ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے تازہ موسم کی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں شدید گرمی اور خشک موسم جبکہ کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

آج سوموار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات کے اوقات میں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، خیبر اور ہنگو میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، مری اور گلیات میں دن کے دوران موسم خشک جبکہ شام اور رات میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور بہاولنگر میں بعد از دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان بھی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بعد از دوپہر شمالی اور مغربی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کوئٹہ، زیارت، لورالائی، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعد از دوپہر بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم اور چند مقامات پر تیز یا گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ شام اور رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دادو اور مٹھی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Scroll to Top