اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں اور شریک حیات کے لیے بڑا اعلان

اوورسیز پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کے لیے تعلیمی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے وظائف اسکیم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے وہ بچے اور شریکِ حیات جو پاکستان میں زیرِ تعلیم ہیں، مالی معاونت حاصل کر سکیں گے۔

فاؤنڈیشن کے مطابق یہ وظائف مختلف تعلیمی سطحوں کے طلبہ کے لیے دستیاب ہیں، جن میں انٹرمیڈیٹ، گریجویشن (جس میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور انجینئرنگ جیسے پیشہ ورانہ پروگرام شامل ہیں) کے ساتھ ساتھ ماسٹرز اور ایم ایس پروگرامز بھی شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیم کے سلسلے میں مالی مشکلات سے نکال کر انہیں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

اہلیت کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ درخواست دہندہ نے اپنے حالیہ امتحانات میں کم از کم 60 فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے حاصل کیا ہو۔

مزید یہ کہ طالب علم کے والدین (والد یا والدہ) یا شریکِ حیات کا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے، جبکہ ان کی ماہانہ آمدنی 2 لاکھ روپے سے زیادہ نہ ہو۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پروٹیکٹر بنوانے کی صورت میں رکنیت حاصل ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تربیلا میں پاک-سری لنکا مشترکہ فوجی مشق شیک ہینڈز IIکا آغاز

اس اسکیم کے تحت وہ طلبہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے جو پہلے ہی کسی اور ادارے سے وظیفہ حاصل کر رہے ہوں۔

تاہم ایسے بچوں کو بھی موقع دیا گیا ہے جن کے والدین او پی ایف کے رجسٹرڈ ممبر تھے مگر اب وفات پا چکے ہیں، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہوں۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار درخواست فارم اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا ملک بھر کے مختلف شہروں، جن میں اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کراچی، کوئٹہ اور میرپور میں قائم علاقائی دفاتر سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے امیدوار او پی ایف ہیڈ آفس اسلام آباد سے فون یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top