اسلام آباد: پاکستان اور سری لنکا کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق شیک ہینڈز II کا باقاعدہ آغاز پیر کے روز تربیلا میں ہو گیا ہے۔
اس اہم فوجی سرگرمی میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز عملی تربیت کے مختلف مراحل سے گزریں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق یہ مشق دو ہفتوں پر محیط ہوگی، جس میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور سری لنکا آرمی کی اسپیشل فورسز کے دستے شریک ہیں۔ اس دوران جوان جدید انسدادِ دہشت گردی طریقۂ کار پر مشترکہ مشقیں کریں گے۔
Pakistan, Sri Lanka launch joint counter-terrorism exercise https://t.co/In2LBOHy1k via @Islamabad Post
— CENTRELINE (@CENTRELINE13) April 27, 2026
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس مشق کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کو بھی مزید مضبوطی ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چینی شہر سانیا میں چھٹی ایشین بیچ گیمز جاری، پاکستان ریسلنگ ٹیم ایکشن کے لیے تیار
مشق کے دوران شریک دستے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز سے متعلق اپنے تجربات اور مہارتوں کا تبادلہ کریں گے، جس سے نہ صرف آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور باہمی سمجھ بوجھ بھی بہتر ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس نوعیت کی مشترکہ فوجی سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مؤثر بناتی ہیں۔





