آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا فتح ٹو میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ

آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح ٹو میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کرلیا جو جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل معاون نظام سے لیس ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تربیتی تجربے کا مقصد افواج کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور بہتر درستگی اور بڑھتی ہوئی بقا کی صلاحیت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

تجربہ کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینیئر افسران نے کیاجبکہ اس موقع پر اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجنیئرز بھی موجود تھے۔

فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔

دوسری جانب صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان،فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔

Scroll to Top