نئی دہلی، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آر ایس ایس کے پروگرام “یووا کمبھ” کے خلاف طلبہ کا شدید احتجاج

بھارت کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ تنظیموں نے کیمپس کے اندر آر ایس ایس کے پروگرام “یووا کمبھ” کے انعقاد پر شدید احتجاج کیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایک تعلیمی ادارے میں اس طرح کے نظریاتی پروگراموں کی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

طلبہ تنظیموں نے اپنے بیان میں الزام لگایا کہ آر ایس ایس کا جدوجہدِ آزادی میں کوئی مثبت کردار نہیں رہا بلکہ اس نے نوآبادیاتی دور میں برطانوی حکمرانوں کا ساتھ دیا۔ انہوں نے تنظیم کے ملک سازی کے دعوؤں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

مظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ کے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ایسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف جمہوری اور آئینی اقدار پر بات کرنے والے طلبہ گروپوں کو اجازت نہیں دی جاتی۔

احتجاج کے دوران طلبہ نے بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور نعرے بازی کی۔ ان کا موقف ہے کہ تعلیمی اداروں میں فرقہ وارانہ ایجنڈے کو فروغ دینا ملک کے اتحاد اور جمہوری ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب جامعہ کی انتظامیہ نے ان الزامات اور احتجاج کے حوالے سے فی الحال مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ کیمپس میں طلبہ کا مظاہرہ جاری ہے جس کی وجہ سے صورتحال تاحال کشیدہ بنی ہوئی ہے۔

Scroll to Top