تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں! عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں! عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل اور غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ بڑھ کر 111 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل بھی مہنگا ہو کر 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر چکا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں جلد بہتری نہ آئی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے، خاص طور پر ان ممالک پر جو توانائی کی درآمدات پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ریونیو میں اضافہ اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پوری کرنا بتایا جا رہا ہے۔

وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدن پہلے ہی سالانہ ہدف 1468 ارب روپے سے تجاوز کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے، تاہم اس کے باوجود مزید اضافے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر ان تبدیلیوں سے عام صارفین پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

Scroll to Top