وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں ضلع مانسہرہ کے دورے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر وہ عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی کی دعوت پر ضلع مانسہرہ کے درہ کے مقام پر 6 مئی (بدھ) دوپہر 2 بجے ایک عظیم الشان جلسۂ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں وزیراعلیٰ عوام سے براہِ راست ملاقات کریں گے۔
جلسے کے دوران وزیراعلیٰ مانسہرہ کے دیرینہ مسائل خصوصاً پینے کے پانی کے مسئلے کے حل کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر 18 ارب 30 کروڑ روپے مالیت کی مختلف اسکیموں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے اور ضلع مانسہرہ کے لیے ایک خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے، جس سے علاقے کی ترقی اور بنیادی سہولیات میں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔





