فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس امتحان 2025 کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق کامیابی کی شرح مجموعی طور پر محض 2.67 فیصد رہی۔
امتحان میں شریک 12 ہزار 792 امیدواروں میں سے صرف 355 امیدوار تحریری امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 170 امیدواروں کی مختلف محکموں میں تقرری کی سفارش کی گئی ہے جن میں 84 مرد اور 86 خواتین شامل ہیں۔ نتائج میں اسید رفیق نے پہلی، محمد محسن خالد نے دوسری جبکہ طارق حفیظ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
ٹاپ 30 پوزیشن ہولڈرز کی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس میں ایلوکیشن کر دی گئی ہے، تاہم اس بار ٹاپ 30 پوزیشنز میں موجود کوئی بھی امیدوار فارن سروس میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں سب سے زیادہ 23 امیدواروں کا تعلق پنجاب سے ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق ٹاپ 30 پوزیشن ہولڈرز میں بلوچستان سے 3 جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا سے دو، دو امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کی تقرری کی سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔





