پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی دو بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں 28 اور 29 اپریل 2026 کو خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند اور شمالی وزیرستان میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے گروہ کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرست یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں سرحد کے قریب کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، اس طرح مجموعی طور پر 13 دہشت گرد انجام کو پہنچے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان واقعات سے ایک بار پھر پاکستان کے اس موقف کی تائید ہوتی ہے کہ افغان طالبان کی حکومت اپنی سرحد کے مؤثر انتظام میں ناکام رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
سیکیورٹی فورسز نے عزم کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔





