پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔
ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور بینک آف خیبر (نے صوبائی حکومت کے احساس ہنر پروگرام کے تحت بلا سود کاروباری قرضے فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد صوبے کے ہنر مند نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم، طفیل انجم نے اس پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صوبے کی معاشی ترقی اور نوجوانوں کو خودکفیل بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا میں بجلی بحران کے حل کے لیے مستحق خاندانوں کو سولر یونٹس دینے کا فیصلہ
بینک آف خیبر اس پروگرام کے لیے 3 ارب روپے سے زائد مختص کرے گا اور ابتدائی طور پر 200 ملین روپے مالی سال 2024-25 کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ قرضے 36 ماہ کی قسطوں میں واپس کیے جائیں گے۔
سیکرٹری صنعت عامر آفاق، TEVTA اور BoK کے منیجنگ ڈائریکٹرز، اور دیگر حکام نے اس موقع پر اس شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے صوبے کے نوجوانوں کو نئے کاروباری مواقع ملیں گے اور یہ ان کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔