دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج 3 مئی کو عالمی یومِ آزادی صحافت منایا جا رہا ہے جس کا مقصد صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس شعبے کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
یہ دن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد صحافت کے اصولوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران درپیش مسائل، خطرات اور دباؤ سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقاریب، سیمینارز اور پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں اور صحافت جمہوری معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صحافت میں انقلاب! وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صحافیوں کیلئے بلاسود قرض اسکیم کی ہدایت
صدر مملکت نے کہا ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے جبکہ صحافیوں کو دنیا بھر میں دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے، اس لیے سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال پر قابو پانا ضروری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے اور ایک آزاد، ذمہ دار میڈیا ہی شفافیت، احتساب اور قومی استحکام کو یقینی بنا سکتا ہے۔





