وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صحافیوں کو میڈیا سیٹ اپس قائم کرنے کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی سے متعلق جامع اسکیم تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی سے نوجوان صحافیوں کو اپنے میڈیا پلیٹ فارمز کے قیام اور خود روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔
یہ ہدایت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2026-27 سے متعلق اجلاس میں دی گئی، جس میں اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی، قانون، مائنز اینڈ منرلز اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام جوڈیشل کمپلیکسز میں ڈے کیئر سینٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ وکلاء، جوڈیشل افسران اور عملے کے بچوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ مائننگ والے علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دینے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اجلاس میں آئی ٹی کے شعبے میں ڈرون سنٹر آف ایکسیلنس، سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر اور ضم شدہ اضلاع میں ڈیجیٹل سٹی کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔





