1500 روپے مالیت کا پرائز بانڈ رکھنے والےشہریوں کیلئے بڑی خبر

نیشنل سیونگز سینٹر سیالکوٹ رواں ماہ 15 مئی 2026 کو 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی نمبر 106 منعقد کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

پاکستان میں پرائز بانڈز سرمایہ کاری کا ایک مقبول اور محفوظ ترین ذریعہ تصور کیے جاتے ہیں، جو شہریوں کو اصل رقم محفوظ رکھتے ہوئے بڑے نقد انعامات جیتنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

اس قرعہ اندازی میں پہلا انعام جیتنے والے خوش نصیب کے لیے 30 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی گئی ہے، جبکہ دوسرا انعام جیتنے والے امیدواروں کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ہونے والی قرعہ اندازی میں پہلا انعام بانڈ نمبر 429148 کے نام نکلا تھا، جبکہ دوسرے انعام کے حقدار بانڈ نمبرز 430347، 591133 اور 628300 قرار پائے تھے۔

کوئی بھی پاکستانی شہری اپنے درست شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ کسی بھی اسٹیٹ بینک (SBP-BSC) آفس، نامزد کمرشل بینکوں کی شاخوں یا نیشنل سیونگز سینٹرز سے پرائز بانڈز خرید سکتا ہے۔

انعامات جیتنے کی صورت میں خوش نصیب افراد مقررہ کلیم فارم پر انہی اداروں سے اپنی انعامی رقم کے لیے رجوع کرنے کے مجاز ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کا باقاعدہ انعقاد عوام میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے اور انہیں مالی طور پر مستحکم بنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔

Scroll to Top