جنگ نہیں چاہتے، مگر ایران کو جوہری ہتھیار نہیں لینے دیں گے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کی حمایت نہیں کرتے، تاہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس میں اسمال بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس کی بحری و فضائی طاقت محدود ہو چکی ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کے پاس اب مؤثر بحریہ، فضائیہ اور ریڈار سسٹم موجود نہیں، جبکہ ان کے بقول ایران کی 159 کشتیوں کو سمندر میں تباہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اور توقع ظاہر کی کہ تنازع کے خاتمے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

اس سے قبل اپنے سوشل میڈیا بیان میں ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز میں نہ صرف امریکہ بلکہ دیگر ممالک کی بحری نقل و حرکت کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، جس سے عالمی تجارت کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نامعلوم افراد کی فائرنگ، شیر افضل مروت کا سکیورٹی اہلکار زخمی

انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کے ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس سے اس میں آگ لگ گئی، اور یہ صورتحال خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی علامت ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی سات چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس کارروائی میں چھ کشتیوں کو تباہ کیا گیا، جس سے بیانات میں تضاد بھی سامنے آیا ہے۔

ان کے مطابق فی الحال صرف ایک تجارتی جہاز کو نقصان پہنچا ہے، لیکن مجموعی صورتحال خطے کو انتہائی حساس اور خطرناک بنا رہی ہے۔

Scroll to Top