وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے چارسدہ میں فائرنگ کے واقعے میں ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت ایک افسوسناک واقعہ ہے، اور حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ ہوا، اور متاثرہ خاندان کے غم میں پوری قوم ان کے ساتھ شریک ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔





