خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے معروف مذہبی رہنما اور شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا ادریس کی المناک شہادت پوری قوم کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے اور ان کی دینی و سماجی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، جن کا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے اس واقعے کو ایک بہیمانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ ملک میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن افسوس کہ انہیں مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
قائد حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر شرپسند عناصر کا مقابلہ کریں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔





